33 C
Lahore
Friday, July 4, 2025
ہومانٹرٹینمنٹمدھیہ پردیش کے شہری کا عالیشان گھر سوشل میڈیا پر وائرل

مدھیہ پردیش کے شہری کا عالیشان گھر سوشل میڈیا پر وائرل


—تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کے ایک شخص کی غربت سے دولت تک کی کہانی نے انٹرنیٹ کو حیرت میں ڈال دیا، سونے سے مزین عالیشان گھر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

بھارتی معروف سوشل میڈیا کنٹینٹ کریئیٹر پریام سرسوت نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ اس شخص کے عالیشان محل نما گھر کا دورہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

 ویڈیو کے منظر عام پر آتے ہی صارفین دنگ رہ گئے کیونکہ یہ محل صرف شاہانہ نہیں بلکہ اس کا ہر کونا 24 قیراط خالص سونے سے مزین ہے، یہاں تک کہ بجلی کے ساکٹ بھی۔

محل کے گیٹ کھلتے ہی لگژری گاڑیوں کا شاندار ذخیرہ نظر آتا ہے، جس میں 1936ء کی مرسڈیز، ایک وولوو EV، لینڈ روور ڈیفنڈر اور بی ایم ڈبلیو ایف 7 شامل ہیں، گھر کے مالک نے بتایا کہ وہ کوشش کرتے ہیں کہ اندور میں جو بھی نئی گاڑی آئے، سب سے پہلے وہی خریدیں۔

گھر کے اندرونی حصے میں ماتا سرسوتی کی بڑی مورتی، ایک نفیس مندر، راج محل جیسا ڈرائنگ روم، سونے سے آراستہ دیواریں اور آرٹ ورک سے مزین چھتیں دکھائی گئیں، ویڈیو کے مطابق پورا گھر 10 بیڈرومز  اور ایک وسیع زمین پر مشتمل ہے۔

گھر کے مالک نے بتایا کہ ان کا سفر ایک پٹرول پمپ سے شروع ہوا، جسے ان کے خاندان کے 25 افراد چلاتے تھے۔

 بعد ازاں انہوں نے سرکاری منصوبوں پر کام کرنا شروع کیا اور وہیں سے ان کی ترقی کا آغاز ہوا۔ اب وہ سڑکوں، پلوں اور بڑی رہائش گاہوں کی تعمیر کے کروڑوں روپے کے منصوبے سنبھالتے ہیں۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور عوام کی جانب سے اس پر حیرت اور تنقید پر مبنی مخلوط ردعمل سامنے آئے، بعض صارفین نے دولت کے اس مظاہرے پر سوال اٹھایا جبکہ کچھ نے اسے حوصلہ افزا کامیابی قرار دیا۔

یہ ویڈیو اب لاکھوں بار دیکھی جا چکی ہے اور مدھیہ پردیش کے اس شہری کا سونے کا محل انٹرنیٹ پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات