ویڈیو اسٹریمنگ کی دنیا کی معروف کمپنی نیٹ فلکس اور امریکی خلائی ادارہ ناسا خلا کے دیوانوں کے لیے ایک زبردست خوشخبری لے آئے ہیں۔
دونوں اداروں نے شراکت داری کا اعلان کیا ہے جس کے تحت اب صارفین نیٹ فلکس پر راکٹ لانچز، خلاء نوردوں کی اسپیس واکس اور انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (ISS) سے زمین کے نظارے لائیو دیکھ سکیں گے۔
نیٹ فلکس نے اپنے بلاگ پوسٹ میں اعلان کیا کہ چاہے آپ ایک پکے خلائی شوقین ہوں یا صرف زمین کو 250 میل کی بلندی سے جگمگاتے دیکھنا پسند کرتے ہوں تو الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔
یہ شراکت داری ناسا کے نئے NASA+ فیڈ کے تحت متعارف کی جا رہی ہے، جو ناصرف نیٹ فلکس پر دستیاب ہوگی بلکہ NASA.gov ویب سائٹ اور ناسا کی موبائل ایپ پر بھی مفت فراہم کی جائے گی۔
NASA+ کے ذریعے ناظرین کو یہ سب کچھ دیکھنے کو ملے گا جس میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے حیران کن مناظر، خلاء نوردوں کی اسپیس واکس، راکٹ لانچز کی براہِ راست کوریج شامل ہیں۔
ناسا+ کی جنرل مینیجر ربیکا سرمنز نے کہا کہ 1958ء کے اسپیس ایکٹ کے تحت ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم خلا کی دریافت کی کہانی کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیڈ نئی نسل کو متاثر کرنے کے لیے ہے وہ بھی اپنے کمرے میں بیٹھ کر یا موبائل فون پر، اس شراکت داری کا مقصد خلا سے متعلق پیچیدہ معلومات کو دلچسپ انداز میں دنیا بھر کے ناظرین تک پہنچانا ہے۔
نیٹ فلکس جو دسمبر 2024ء تک 30 کروڑ سے زائد صارفین رکھتا ہے، ناسا کے مواد کو ایک عالمی سطح پر نئی جہت دے گا۔
اسی ماہ نیٹ فلکس نے فرانسیسی براڈکاسٹر TF1 کے ساتھ بھی ایک معاہدہ کیا جو کسی روایتی نشریاتی ادارے کے ساتھ نیٹ فلکس کا پہلا اشتراک ہے۔
اس معاہدے کے تحت صارفین 2026ء کی گرمیوں میں TF1 کے پانچ ٹی وی چینلز اور اسٹریمنگ پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
یہ شراکت داری نیٹ فلکس کی حالیہ پالیسیوں کا تسلسل ہے، جس کے تحت اس نے 2024ء کے اختتام پر دو NFL گیمز اور جیک پال بمقابلہ مائیک ٹائسن کی باکسنگ فائٹ بھی براہِ راست نشر کی تھی یہ سب نیٹ فلکس کے روایتی اسٹریمنگ مواد سے ہٹ کر ایک نئی سمت کی نشاندہی کرتے ہیں۔