چینی ’کارڈ آرکیٹیکٹ‘ نے حیران کن مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے چند دنوں میں 4 عالمی ریکارڈز توڑ ڈالے۔
چین سے تعلق رکھنے والے ماہر اسٹیکر تیان رُوئی جنہیں دنیا کارڈ آرکیٹیکٹ کے نام سے جانتی ہے، انہوں نے صرف چند دنوں میں 4 گنیز ورلڈ ریکارڈز توڑ کر سب کو حیران کر دیا۔
انہوں نے 3 ہزار 149 جینگا بلاکس کو ایک عمودی بلاک پر اسٹیک کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا، جو اس شعبے میں اپنی نوعیت کا منفرد کارنامہ ہے۔
اس سے قبل انہوں نے ایک گھنٹے میں 32 لیئرز پر مشتمل کارڈز کا بلند ترین ٹاور بنا کر ٹالیسٹ ہاؤس آف کارڈز کا ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کیا، جو ان سے پہلے چھن چکا تھا، اسی ماہ انہوں نے 8 گھنٹوں میں 62 لیئرز کا کارڈ ٹاور بنا کر ایک اور ریکارڈ بھی قائم کیا۔
اپنے ریکارڈز کی تکمیل کے بعد تیان رُوئی نے جائنٹ جینگا بلاکس پر بھی کامیابی سے ہاتھ آزمایا اور 918 بڑے بلاکس کو ایک عمودی بلاک پر رکھ کر چوتھا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز سے بات کرتے ہوئے تیان رُوئی نے کہا کہ یہ سب کچھ اب میرے لیے بالکل فطری ہو چکا ہے، جیسے جسم خود بخود کام کرتا ہے، میں بس اس کے بہاؤ میں رہتا ہوں اور اب بغیر جھجک کے کام کرتا ہوں۔