پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ ہمیں کہا جاتا ہے مٹی ڈالو اور آگے بڑھو، 8 فروری کو عوام نکلے، یہ تاریخی دن تھا، 8 فروری کو ہم بھولیں گے نہیں، ہم بانیٔ پی ٹی آئی کی جنگ لڑیں گے اور جیت ہمارا مقدر ہو گی۔
پی ٹی آئی کے مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد تحریکِ انصاف کی مرکزی قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آٹھ دہائیوں سے پاکستان کو لوٹا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 8 فروری ایک عظیم الشان دن تھا جس دن عوام نے جمہوری حق استعمال کیا، ہماری جدوجہد عزتِ نفس کے لیے ہے، یہ سیاسی نہیں بلکہ حقوق کی جنگ ہے۔
اس موقع پر شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ تحریک انصاف جیلوں میں قید کارکنوں کی موت کی تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہے، چیف جسٹس ہمارے کارکنوں کی اموات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کچھ اسیران 10 ماہ اور 11 ماہ بعد جیلوں سے رہا ہوئے، جتنے لوگ جیلوں سے نکلے وہ بیمار ہو کر باہر نکلے۔