سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو نے دورۂ امریکا کے دوران اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کی ہیں۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے میں کسی پاکستانی ایئر چیف کا یہ امریکا کا پہلا دورہ ہے۔
امریکا میں ایئر چیف نے محکمۂ خارجہ اور کیپیٹل ہل میں اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کیں، انہوں نے امریکی فضائیہ کی سیکریٹری بین الاقوامی امور اور چیف آف جنرل اسٹاف سے ملاقاتیں بھی کیں۔
ایئر چیف نے دورے کے دوران امریکی عسکری و سیاسی قیادت سے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کی ہیں جن میں علاقائی اور عالمی سلامتی سے متعلق اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ایئر چیف نے پینٹاگون میں امریکی سیکریٹری آف دی ایئر فورس (انٹرنیشنل افیئرز) سے ملاقات کی، انہوں نے امریکی فضائیہ کے چیف آف اسٹاف سے بھی ملاقات کی۔
ملاقاتوں میں دو طرفہ عسکری تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا، مشترکہ تربیت و ٹیکنالوجی کے تبادلے کے امکانات پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ایئر چیف نے امریکا اور پاکستان کے درمیان تاریخی اور کثیر الجہتی تعلقات پر روشنی ڈالی۔
دونوں فضائی افواج کے درمیان تربیت اور روابط کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔