وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے بیان پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آبادسے جاری کیے گئے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کا طرزِ عمل بھی سیاسی ہونا چاہیے۔
طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف نے بار بار سیاسی غلطیاں کیں، پہلے استعفے دیے پھر اسمبلیاں توڑیں، یہ اب اپنی نالائقی کی وجہ سے مخصوص نشستوں سے محروم ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور پہلے بھی اسلام آباد پر چڑھائی کی کئی کوششیں کر چکے ہیں، ہر دفعہ ریاست نے آئین و قانون کے تحت ان کا راستہ روکا۔
وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ آئندہ بھی اگر کسی نے ریاست پر حملہ آور ہونے کی جرأت کی تو جواب پہلے سے بھی سخت ہو گا۔
ان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں اگر پی ٹی آئی کی لگا تار تیسری حکومت نہ ہوتی تو صوبے میں دہشت گردی نہ ہوتی، سیاسی اختلاف کا حق سب کو ہے لیکن ریاستی اداروں پر حملہ کسی کو بھی قبول نہیں۔
وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ جو سیاست نفرت اور انتشار سے شروع ہو اس کا انجام ہمیشہ پچھتاوا اور رسوائی ہوتا ہے۔