پاکستانی اسپنر ساجد خان نے کہا ہے کہ جیسا ہمارا یہ سرکل ہے، امید ہے ہم ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلیں گے۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) اسکلز ڈیولپمنٹ کیمپ میں ساجد خان نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ کوچ عبدالرحمٰن کے ساتھ اسپن بولنگ کے شعبے پر کام ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں آرم بال اور کریز کے استعمال پر کام کر رہا ہوں، ٹیسٹ کھیلنا اعزاز کی بات ہے، میں نے وائٹ بال سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔
پاکستانی اسپنر نے مزید کہا کہ وائٹ بال پر بہت کام کر رہا ہوں، جلد اس میں بھی ایکشن میں نظر آؤں گا، میری خواہش ہے پی ایس ایل سمیت تمام وائٹ بال کرکٹ کھیلوں۔
ان کا کہنا ہے کہ خواہش ہے زیادہ ٹیسٹ میچز ہوں تاکہ ہماری رینکنگ بہتر ہو، جیسا ہمارا یہ سرکل ہے، امید ہے ہم ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلیں گے۔
ساجد خان نے کہا کہ مجھے کسی بھی نام سے پکارا جائے اعزاز کی بات ہے، کاؤنٹی کرکٹ کے لیے بات چیت چل رہی ہے، جلد معاہدے کا پتہ چل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 4 روزہ ٹیسٹ اچھا نہیں ٹیسٹ 5 روزہ ہی ہو تو اچھی بات ہے۔