اسلام آباد:
مصنف و تجزیہ کار سردار فہیم قتل کیس میں گرفتار دو ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق فہیم سردار ولد بریگیڈیئر (ر) سردار احمد کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو اسلام آباد پولیس نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں پیش کردیا جہاں سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود چوہدری نے کی۔
عدالت نے ملزمان عابد مسیح اور تنویر الیاس کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔
ملزمان کو دوبارہ 9 جولائی کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج ہے۔
یہ پڑھیں: اسلام آباد: مصنف و تجزیہ کار سردار فہیم کے قتل کا معمہ حل، دو ملزمان گرفتار
واضح رہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے گزشتہ روز وزیر مملکت طلال چوہدری اور آئی جی علی ناصر رضوی نے پریس کانفرنس بھی کی تھی۔