یکم جولائی سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کر دی گئی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے مطابق لائف لائن صارفین کے سوا تمام صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی ایک روپے 15پیسے سستی ہوگی، اس فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے صارفین پر ہوگا۔
نیپرا نے گزشتہ روز ملک بھر کے لیے یکساں بنیادی ٹیرف پر سماعت کی تھی، وفاقی حکومت نے کراچی سمیت ملک بھر کے لیے یکساں ٹیرف کی درخواست کی تھی۔
ماہانہ 50 یونٹ تک لائف لائن صارف کا ٹیرف 3 روپے 95 پیسے فی یونٹ پر برقرار ہے جبکہ ماہانہ 100 یونٹ استعمال پر لائف لائن صارف کا ٹیرف 7 روپے 74 پیسے فی یونٹ برقرار ہے۔
ماہانہ 100 یونٹ کے استعمال پر پروٹیکٹڈ صارف کے ٹیرف میں 1 روپے 15 پیسے کمی ہو گی، 100 یونٹ استعمال پر پروٹیکٹڈ صارف کا نیا ٹیرف 10روپے 54 پیسے مقرر کیا گیا ہے جبکہ ماہانہ 200 یونٹ استعمال پر پروٹیکٹڈ صارف کا ٹیرف 13روپے ایک پیسے مقرر کیا گیا ہے۔
نان پروٹیکٹڈ صارفین کی تمام کیٹیگریز کے لیے بھی فی یونٹ بجلی 1 روپے 15 پیسے سستی کی گئی ہے۔
نیپرا کے مطابق کمرشل صارفین کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 1 روپے 15 پیسے کمی کی گئی ہے جبکہ کمرشل صارفین کا نیا اوسط بنیادی ٹیرف 45 روپے 43 پیسے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔
جنرل سروسز کے لیے فی یونٹ بجلی 1 روپے 15 پیسے سستی ہوئی ہے، جنرل سروسز کا نیا ٹیرف 43 روپے 17 پیسے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔
صنعتوں کے لیے بھی فی یونٹ بجلی اوسطاً 1 روپے 15 پیسے سستی ہوئی ہے، صنعتوں کے لیے نیا ٹیرف 33 روپے 48 پیسے مقرر ہے۔
بلک بجلی صارفین کے لیے بھی فی یونٹ بجلی 1 روپے 15 پیسے سستی ہوئی ہے، بلک بجلی صارفین کا نیا بنیادی ٹیرف 41 روپے 76 پیسے مقرر کیا گیا ہے جبکہ زرعی صارفین کے لیے بھی فی یونٹ بجلی 1 روپے 15 پیسے سستی ہوئی ہے، زرعی شعبے کے لیے فی یونٹ بنیادی نرخ 30 روپے 75 پیسے مقرر کیا گیا ہے۔