معروف ومبلڈن گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں اب مکمل طور پر الیکٹرانک لائن کالنگ سسٹم متعارف کروا دیا گیا ہے۔
ومبلڈن نے اپنی 148 سالہ پرانی روایت کو بدل کر لائن ججز کو مکمل طور پر ہٹا دیا ہے۔
اس اقدام پر ومبلڈن کی سی ای او سیلی بولٹن نے کہا کہ مجھے اس روایت کو ختم ہوتا دیکھ کر افسوس ہو رہا ہے لیکن دنیا بھر میں ٹینس کے دیگر مقابلوں میں الیکٹرانک سسٹم پہلے ہی استعمال ہو رہے ہیں اس لیے اب وقت آگیا ہے کہ اس تبدیلی کو قبول کر لیا جائے۔
واضح رہے کہ لندن میں آج بھی شدید گرمی ہے اور درجۂ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کے پسینے چھوٹ گئے۔
ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ میں مینز سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں فرانس کے بینجمن بونزی نے روس کے ڈینیئل میدودیو کو شکست دے کر ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔
دوسری جانب ویمنز سنگلز میں برطانیہ کی ایما راوڈوکانو نے ہم وطن می می زو کو ہرا کر دوسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔