بھارت کے امیر ترین صنعتکار مکیش امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کو ریلائنس انڈسٹریز میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے شیئر ہولڈرز کو ایک پوسٹل بیلٹ نوٹس کے ذریعے اس تقرری سے آگاہ کیا گیا، کمپنی کے مطابق اننت امبانی کی سالانہ تنخواہ 10 کروڑ روپے سے لے کر 20 کروڑ روپے تک ہوگی، اس کے علاوہ وہ پرافٹ لنکڈ کمیشن، ایگزیکٹو الاؤنسز اور دیگر سہولیات کے بھی حقدار ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق اننت امبانی کو درج ذیل سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی جس میں مکمل فرنشڈ رہائش اور ہاؤس رینٹ الاؤنس، گیس، بجلی اور پانی جیسے یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی، اہلِ خانہ کے ساتھ سفری اخراجات، کمپنی گاڑیاں، مواصلاتی اخراجات، طبی اخراجات کی واپسی، سیکیورٹی اور اسٹاف سپورٹ شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس اننت، اکاش اور ایشا امبانی کو غیر تنخواہ دار نان ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے طور پر ریلائنس انڈسٹریز کے بورڈ میں شامل کیا گیا تھا، اُس وقت انہیں صرف 4 لاکھ روپے سِٹنگ فیس اور 97 لاکھ روپے کا کمیشن دیا گیا تھا۔
اننت امبانی اب امبانی خاندان میں پہلے فرد ہوں گے جنہیں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے، وہ کمپنی کے توانائی (انرجی) سیکٹر کو آگے لے کر جائیں گے، جس میں آئل ریفائننگ سے لے کر قابلِ تجدید توانائی (رینیوایبل انرجی) کے منصوبے شامل ہوں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ وہ آئل ٹو کیمیکل اور نئی توانائی کے بڑی فیکٹریز جیسے بڑے منصوبوں کی نگرانی بھی کریں گے۔
اننت امبانی نے اپنی تعلیم امریکہ کی معروف یونیورسٹی براؤن یونیورسٹی سے مکمل کی ہے۔ وہ Jio Platforms اور Reliance Retail Ventures کے بورڈ میں بھی شامل ہیں اور Reliance Foundation میں بھی متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔