کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش سے قبل نائب کپتان شاداب خان کے بعد فاسٹ بولر نسیم شاہ اور وسیم جونیئر بھی فٹنس مسائل کا شکار ہوگئے ہیں۔ شاداب خان کو کندھے کے آپریشن کے بعد فٹ ہونے کے لئے تین ماہ درکار ہیں، اس لئے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد حارث کو شاداب کی جگہ نائب کپتان بنانے کی تجویز ہے۔ حارث بنگلہ دیش کی ہوم سیریز میں پلیئر آف دی سیریز تھے ۔ ڈاکٹرز نے شاداب خان کو سرجری تجویز کی ہے، جس کے بعد وہ ممکنہ طور پر 3 ماہ اوربنگلہ دیش ،ویسٹ انڈیز کے دوروں، تین ملکی ٹورنامنٹ اور ایشیا کپ سے باہر ہوجائیں گے۔ دورہ بنگلہ دیش کیلئے پاکستان ٹی20 ٹیم کا اعلان جلد متوقع ہے، سلمان علی آغا کی قیادت میں شاداب خان کی جگہ ٹیم میں صفیان مقیم اور لاہور قلندرز کی جانب سے پاکستان سپر لیگ میں شاندار بولنگ کرنے والے سلمان مرزا کی شمولیت کا امکان ہے ۔ تین سینئرز بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کو موقع ملنے کی کوئی امید نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق فاسٹ بولر حارث رؤف اسکواڈ میں ہونگے، البتہ ورک لوڈ کی وجہ سے انہیں ایک سے دو میچوں میں آرام بھی دیا جائے گا۔ بنگلہ دیش کی ہوم سیریز کیلئے جو ٹیم منتخب کی تھی اس میں سفیان مقیم اور سلمان مرزا کو شامل کرکے بقیہ 14کھلاڑیوں کو برقرار رکھا جائے گا۔ ٹیم کا کیمپ 8 جولائی سے نیشنل اسٹیڈیم میں لگے گا۔ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن سات جولائی کو کراچی پہنچیں گے۔ پاکستان ٹیم میں صائم ایوب ، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، محمد حارث ، حسن نواز، سلمان علی آغا، خوش دل شاہ، فہیم اشرف، عباس آفریدی، حسن علی، حارث رئوف، ابرار احمد، عرفان خان نیازی، حسین طلعت شامل ہوں گے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کو ویسٹ انڈیز کے جواب کا انتظار ہے جس کے بعد یہ طے ہوگا کہ سیریز پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچوں کی ہوگی یا تین ون ڈے اور تین ٹی 20 انٹر نیشنل میچ کھیلے جائیں گے۔ پی سی بی کو مائیک ہیسن کے ساتھ کوچنگ اسٹاف کی بھی مستقل بنیادوں پر تقرری کرنا ہے۔ جبکہ پی سی بی نے ڈائریکٹر میڈیسن کی پوسٹ کا بھی اشتہار دیا ہوا ہے۔ ان کی تقرری بھی جلد متوقع ہے۔