قازقستان میں عوامی مقامات پر نقاب پہننے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف نے پیر کے روز عوامی مقامات پر چہرے کو چھپانے والا لباس پہننے پر پابندی کے بل پر دستخط کردیے۔
صدر قاسم جومارت توقایف کی جانب سے دستخط شدہ بل میں کہا گیا ہے کہ چہرے کی شناخت میں مداخلت کرنے والے لباس پر عوامی سطح پر پابندی عائد کی جائے گی۔
واضح رہے کہ قازقستان سے قبل وسطی ایشیا کے کچھ دیگر ممالک بھی خواتین کے نقاب یا حجاب پہننے پر پابندی عائد کر چکے ہیں۔
2024ء میں مسلم اکثریتی ملک تاجکستان میں بھی سرکاری طور پر حجاب پر پابندی عائد کر دی گئی تھی جبکہ اس سے قبل ازبکستان اور کرغزستان میں بھی اس طرح کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ مصر کی وزارت تعلیم نے اسکولوں میں نقاب لگانے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ طالبات حجاب پہن سکتی ہیں لیکن چہرہ ڈھانپنے والے نقاب لگانے کی اجازت نہیں ہو گی۔