پاکستان کے نوجوان اسکوا ش پلیئرز نے کوریا میں شروع ہونے والی 32ویں ایشین جونیئر اسکوا ش چیمپئن شپ کے پہلے روز زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 میں سے 9 میچز میں کامیابی حاصل کر لی، مختلف ایج گروپس میں پاکستانی کھلاڑیوں نے پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
ایونٹ کے پہلے روز بوائز انڈر 19 کیٹیگری میں پاکستان کے دونوں کھلاڑیوں نے شاندار فتوحات حاصل کیں۔
عبداللّٰہ نواز نے سری لنکا کے تھارول پنواتا کو 11-5، 11-4، 11-7 سے شکست دی جبکہ انس علی شاہ نے انڈونیشیا کے محمد رزکہ سلیمان کو 11-3، 11-5، 11-6 سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ پکی کی۔
انڈر 15 میں ٹاپ سیڈ نعمان خان نے تھائی لینڈ کے ایسون جدخم کو ایک بھی گیم دیے بغیر 11-0، 11-0، 11-3 سے شکست دی۔
احمد ریان خلیل نے سری لنکا کے لونیتھا بمسنڈو کو 11-4، 11-0، 11-0 سے ہرایا۔
انڈر 17 میں محمد عمیر عارف نے ہانگ کانگ کے لاؤ پاک ٹو کو 11-3، 11-8، 11-9 سے شکست دی تاہم یحییٰ خان ملائیشیا کے آیون چینگ کے خلاف ابتدائی 2 گیمز جیتنے کے بعد 3-2سے ہار گئے۔
انڈر 13 کیٹیگری میں محمد مصطفیٰ خان ملائیشیا کے محمد شارحان بن محمد سیفول سے 13-11، 11-8، 11-9 سے ہار گئے، جبکہ ٹاپ سیڈ سہیل عدنان کو پہلے راؤنڈ میں بائی ملا تھا۔
لڑکیوں کی انڈر 13 کیٹیگری میں ماہ نور علی نے تھائی لینڈ کی پرنپرپا پالاپیپٹ کو 11-0، 11-1، 11-1 سے شکست دی۔
انڈر 15 میں ماہ نور کی بہن سحرش علی نے مکاؤ کی کاؤ چی ایان کو 13-11، 11-5، 11-7 سے ہرایا جبکہ انڈر 17 میں ’علی سسٹرز‘ کی بڑی بہن مہوش علی نے جنوبی کوریا کی ییونا کانگ کو 11-0، 11-2، 11-1 سے شکست دی۔