31 C
Lahore
Monday, June 30, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںاقوام متحدہ اسرائیل اور امریکا کو جنگ کا ذمہ دار قرار دے،...

اقوام متحدہ اسرائیل اور امریکا کو جنگ کا ذمہ دار قرار دے، ایران، جنگ بندی پر بھی شک و شبہے کا اظہار


تہران (اے ایف پی) ایران نے اقوام متحدہ کو ارسال خط میں  عالمی ادارے سے  مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل اور امریکا کو اس ماہ کی جنگ کے ذمہ دار قرار دے ،   ایران نے اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی پرعمل کرنے پرشک و شبہے کااظہارکیا ہے ،  ایرانی چیف آف اسٹاف کی سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جنگ کا آغاز نہیں کیا، لیکن دشمن کو پوری قوت سے جواب دیا، دوسری جانب   ایرانی پارلیمنٹ میں غیر مجاز مواصلاتی آلات کے استعمال پر پابندی لگانے کے حق میں ووٹنگ،اسٹار لنک بھی زدمیں آگئی۔ تفصیلات کے مطابق   ایران کے چیف آف اسٹاف جنرل عبدالرحیم موسوی نے گزشتہ روز سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جنگ کا آغاز نہیں کیا، لیکن ہم نے دشمن کو پوری قوت سے جواب دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں دشمن کی جانب سے جنگ بندی سمیت کسی بھی وعدے کی پابندی پر شدید شکوک ہیں، اور اگر دوبارہ حملہ کیا گیا تو ہم طاقت سے جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اعلان کردہ جنگ بندی کے چھٹے روز سامنے آیا ہے۔دوسری جانب ایران نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو خط ارسال کیا ہے جس میں مطالبہ کیاگیا ہے کہ اقوام متحدہ اسرائیل اور امریکا کو اس ماہ کی جنگ کے ذمہ دار قرار دے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ہم باقاعدہ مطالبہ کرتے ہیں کہ سلامتی کونسل اسرائیلی حکومت اور امریکہ کو جارحیت کی ابتدا کرنے والا قرار دے اور انہیں ہرجانہ و تلافی کی ادائیگی سمیت مکمل ذمہ دار ٹھہرائے۔علاوہ ازیں ایرانی پارلیمنٹ نے اتوار کو غیر مجاز مواصلاتی آلات کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔ اس پابندی کی زد میں ٹیکنالوجی کے ارب پتی ایلون مسک کی اسٹار لنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس آئے گی۔واضح رہے کہ دونوں ممالک میں سنگین کشیدگی 13 جون کو اس وقت شروع ہوئی جب اسرائیل نے ایران میں ایک فضائی بمباری مہم شروع کی، جس کے دوران ایران کے اعلیٰ فوجی کمانڈرز اور اس کے متنازع جوہری پروگرام سے منسلک سائنسدان شہیدہوگئے۔اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنا ہے، جبکہ تہران نے اس الزام کی ہمیشہ تردید کی ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ اسے شہری مقاصد جیسے توانائی کے لیے جوہری طاقت حاصل کرنے کا حق حاصل ہے۔ لڑائی سے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری جوہری مذاکرات بھی متاثرہوئے۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات