ٹک ٹاکر ربیکا خان کے 20 لاکھ روپے حق مہر پر سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث چھڑ گئی۔
معروف ٹک ٹاکر اور یوٹیوبر ربیکا خان حال ہی میں اپنے منگیتر اور سوشل میڈیا اسٹار حسین ترین کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی ہیں، ان کی شادی کی تقریبات نہایت شاندار اور پرتعیش رہیں، جس میں کئی تقریبات اور موسیقی کی محفلیں شامل تھیں۔
ان کے نکاح کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں ان کے حق مہر کی رقم 20 لاکھ روپے مقرر ہونے کا اعلان کیا گیا۔
نکاح کے موقع پر ربیکا نے روایتی سرخ لباس زیب تن کیا جبکہ حسین ترین سفید شیروانی میں ملبوس نظر آئے، دونوں کے چہروں پر خوشی دیدنی تھی۔
تاہم جس چیز نے سب سے زیادہ توجہ حاصل کی، وہ ربیکا کا حق مہر تھا، جس پر انٹرنیٹ صارفین کے درمیان بحث چھڑ گئی۔
کئی صارفین نے کہا کہ یہ ان کے سوشل میڈیا اسٹیٹس کے لحاظ سے ایک معمولی رقم ہے، جبکہ کچھ نے طنزیہ انداز میں تبصرہ کیا کہ یہ رقم تو وہ ایک ویڈیو یا برانڈ اسپانسرشپ سے ہی واپس حاصل کر لیں گے۔
ایک صارف نے لکھا کہ جب شادی ہی کروڑوں کی ہے، تو 20 لاکھ حق مہر کوئی بڑی بات نہیں۔
دوسری جانب کئی افراد نے اس بات پر زور دیا کہ حق مہر شوہر کی حیثیت، نیت، اور عزت کا مظہر ہوتا ہے، بعض صارفین نے سوشل میڈیا پر اس بحث کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک نجی معاملہ ہے اور اس پر سوشل میڈیا پر تنقید کرنا مناسب نہیں۔