ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان روسٹن چیز نے غلط فیصلوں پر امپائرز کے احتساب کا مطالبہ کر دیا اور آسٹریلیا کے خلاف امپائر کے کئی فیصلوں پر سوالات اٹھا دیے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں کئی فیصلوں پر سوالیہ نشان ہیں، امپائر کے کئی فیصلے ایسے تھے جو ہمارے حق میں نہیں گئے۔
روسٹن چیز نے کہا ہے کہ یہ بات واضح ہے اس طرح کے فیصلوں سے کوئی بھی خوش نہیں ہو گا، آپ میدان میں جیت کے لیے جاتے ہیں مگر ایسا لگتا ہے کہ سب آپ کے خلاف ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ مایوس کن ہے کہ بطور کھلاڑی جب ہم غلطی یا حد سے تجاوز کرتے ہیں تو ہمیں سخت سزا دی جاتی ہے، امپائروں کے ساتھ غلط یا مشکوک فیصلوں پر ایسا کچھ نہیں ہوتا۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان روسٹن چیز کا مزید کہنا ہے کہ غلط فیصلوں پر بھی سزا کا تعین ہونا چاہیے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ امپائر کے ایک غلط فیصلے سے کسی کھلاڑی کا کیریئر بنتا یا خراب ہو جاتا ہے، آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 159 رنز سے شکست ہوئی تھی۔