کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی نژاد آسٹریلوی ٹیسٹ اوپنر عثمان خواجہ غزہ کے فلسطینیوں حق میں اکثر اپنے بیانات دے کر اسرائیل کی مذمت کرتے رہتے ہیں۔ اظہار یکجہتی کیلئےنوکری سے برخاست صحافی کے چینل کو انٹرویو دینے سے انکار کر دیا۔ برج ٹائون باربا ڈوس میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز عثمان خواجہ کا آسٹریلوی ریڈیو کے ساتھ پوسٹ میچ انٹرویو شیڈول تھا، عثمان خواجہ نے صحافی پیٹر لالور کی برطرفی کیخلاف احتجاج کے طور انٹرویو دینے سے انکار کیا، جنہیں غزہ میں اسرئیلی جارحیت کے خلاف آواز اٹھانے پر نوکری سے نکال دیا گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر آسٹریلوی بیٹر کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں انہوں نے سین مائیک دیکھتے ہی ہاتھ کے اشارے سے انکار کیا اور وہاں سے چلے گئے۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق اس عمل کے باوجود کرکٹ آسٹریلیا عثمان خواجہ پر کسی قسم کی کارروائی کا ارادہ نہیں رکھتا۔