واشنگٹن (نیوز ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے کانگریس کے ساتھ خفیہ معلومات کی شراکت کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے،وائٹ ہائوس کے ایک اہلکار کے مطابق ایسے اقدامات اٹھائےجارہےہیں کہ ریاستی عناصر کمزور یا غیر مصدقہ خفیہ تجزیے ذرائع ابلاغ تک نہ پہنچا سکیں،تفصیلات کےمطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس سے معلومات کی شراکت محدود کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ اس اقدام کی وجہ وہ حالیہ افشا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر ہونے والے حملے اتنے مؤثر نہیں تھے جتنا کہ صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) اس افشا کی تحقیقات کر رہا ہے۔ خفیہ معلومات کے افشا نے صدر ٹرمپ اور اعلیٰ امریکی حکام کو شدید غصے میں مبتلا کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ نہ صرف ادھوری ہے بلکہ اس کا مقصد صدر ٹرمپ کے اس دعوے کو نقصان پہنچانا ہے کہ ایرانی جوہری تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔وائٹ ہاؤس کے ایک اعلیٰ اہلکار نے بدھ کے روز کہا کہ”ہم خفیہ معلومات افشا کرنے والوں کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہیں”۔اس عہدیدار کے مطابق’ ایف بی آئی‘ افشا کی تحقیقات کر رہی ہے جبکہ انٹیلی جنس کمیونٹی ایسے اقدامات کر رہی ہے تاکہ ریاستی عناصر کمزور یا غیر مصدقہ خفیہ تجزیے ذرائع ابلاغ تک نہ پہنچا سکیں۔