نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے آئندہ مالی سال سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 1 روپے 50 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق نیپرا نے آئندہ مالی سال 26-2025ء کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف کا تعین کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیپرا نے آئندہ مالی سال کےلیے بجلی کا اوسط بنیادی ٹیرف 34 روپے فی یونٹ مقرر کرنے کی منظوری دے دی اور فیصلے سے وفاقی حکومت کو آگاہ کر دیا۔
اس وقت ملک میں بجلی کا اوسط بنیادی ٹیرف 35 روپے 50 پیسے فی یونٹ ہے جسے آئندہ مالی سال کے لیے 34 روپے فی یونٹ کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن نیپرا فیصلے پر عملدرآمد کے لیے سمری وفاقی کابینہ میں لے کر جائے گی اور ملک بھر میں بجلی کے یکساں ٹیرف کے لیے سبسڈی کی ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ نیپرا نے آئندہ مالی سال کے لیے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی ریونیو ضروریات کے لیے 3520 ارب روپے کی منظوری بھی دی ہے جس میں 3066 ارب روپے بجلی کی خریداری جبکہ 454 ارب روپے کمپنیوں کے منافع اور نقصانات کی مد میں شامل ہیں۔
آئندہ مالی سال کیپیسٹی پیمنٹس سمیت یوز آف سسٹم چارجز اور مارکیٹ آپریشن فیس کے 1940 ارب روپے شامل ہیں۔