پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے ظہرانے کی دعوت میں شرکت سے انکار کر دیا۔
پی ایس بی نے عماد شکیل کو اسلام آباد کے سفر کے لیے 56 سو روپے ادا کیے۔
عماد شکیل نے شکریہ کے ساتھ دعوت مسترد کر دی اور اسلام آباد سفر کے لیے پیسے دینے پر کہا کہ اتنے پیسے تو ٹول کی ادائیگی پر لگ جاتے ہیں۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ظہرانے کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کو مدعو کیا تھا۔
مدعو کیے گئے کھلاڑیوں میں سفیان خان، رانا وحید، عبداللّٰہ، منیب الرحمٰن اور حنان شاہد بھی شامل تھے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے ظہرانے کے لیے دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا گیا اور ان میں اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اور نوح دستگیر بھی شامل تھے۔
دوسری جانب، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ترجمان خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ عماد شکیل بٹ کل ظہرانے میں شرکت کریں گے۔
خرم شہزاد نے بتایا کہ ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ سے بات ہوگئی ہے اور کپتان کی جو غلط فہمی تھی وہ دور کر دی ہے۔