ایران نے اسرائیل پر صبح سے تیسرا میزائل حملہ کردیا۔ اسرائیل کے جنوبی شہر بیرشیبا میں میزائل گرنے سے تباہی ہوئی، 3 اسرائیلی ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیان کردہ جنگ بندی کا وقت شروع ہونے سے پہلے اسرائیل نے تہران پر شدید حملے کیے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق کرج اور راجائی شہر میں بھی کئی زوردار دھماکے سنے گئے ہیں۔
حملوں کے بعد اسرائیلی فوج کی جانب سے تہران کے دو علاقوں کے شہریوں کو انخلاء کی نئی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اسرائیل جنگ بندی پر آمادہ ہیں۔
ٹرمپ کے اعلان کے مطابق ایران اور اسرائیل میں جنگ بندی کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بجے ہو گا۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ایران کی جانب سے جنگ بندی کے 12 گھنٹے بعد اسرائیل جنگ بندی کرے گا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ یہ ایک ایسی جنگ تھی جو برسوں جاری رہ سکتی تھی اور یہ پورے مشرق وسطیٰ کو تباہ کرسکتی تھی، مگر ایسا نہیں ہوا، اور اب کبھی نہیں ہوگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ خدا اسرائیل، ایران، مشرق وسطیٰ، امریکا اور پوری دنیا پر اپنا رحم کرے۔
سینئر ایرانی عہدیدار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کی تجویز کو قبول کرلیا ہے۔