کراچی (اسٹاف رپورٹر) سری لنکا بنگلہ دیش سیریز سے 2025-2027ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل کا آغازمنگل سے ہورہا ہے۔پہلا ٹیسٹ گال میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 25 جون کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ کے لیے سری لنکا نے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ قیادت دھننجیا ڈی سلوا کریں گے، سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ یہ سینئر آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز میچ کے بعد ریٹائر ہوجائیں گے ۔میتھیوز سے قبل دیمتھ کرونارتنے بھی رواں سال فروری میں آسٹریلیا کے خلاف گال ٹیسٹ کے بعد ریٹائر ہو چکے ہیں۔ سری لنکا کی قومی ٹیم میں تین نئے کھلاڑیوں پاسندو سوریابندارا، پوان رتھناایک اور ایسیٹھا وجے سندارا کو شامل کیا گیا ہے جو اس سیریز میں ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔ لاہیرو ادارا اور سونل دنوشا کو بھی اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔ لاہیرو کمارا بھی ٹیم کا حصہ ہیں تاہم وہ انجری کے باعث پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے۔