اسرائیلی فوج نے ایرانی دارالحکومت تہران میں وسیع پیمانے پر حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ 50 جہازوں کے ذریعے 170 ایرانی ملٹری اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اسرائیلی فوجی ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ تہران میں ایرانی فضائیہ کے کمپلیکس پر بم باری کی ہے، تہران میں انقلابی گارڈز اور ایرانی دفاعی نظام سے منسلک اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اسرائیلی فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ ایرانی جوہری ہتھیاروں کی تنصیب اور ایندھن ذخائر کو نشانہ بنایا گیا ہے، تہران میں ایران کی دفاعی ایجادات اور ریسرچ ہیڈکوارٹر کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
اسرائیلی فوجی اہلکار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی وزارتِ دفاع کے ہیڈکوارٹر اور جوہری ہتھیاروں سے منسلک مقامات کو بھی ہدف بنایا گیا۔
فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیل نے گزشتہ روز تہران میں تقریباً 80 اہداف پر حملہ کیا، آج مغربی ایران میں اسٹوریج اور انفرا اسٹرکچر سائٹس پر حملے کیے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے ایرانی شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ایران میں ایٹمی تنصیبات کے قریب رہنے والے محفوظ مقامات کی طرف چلے جائیں۔
اسرائیلی فوجی اہلکار کا کہنا ہے کہ ایران جان بوجھ کر اسرائیلی شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، یہ مس فائر نہیں ہیں، ایران میں اہداف کی ایک بڑی فہرست ہے، جسے ابھی نشانہ بنانا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں سے ایران میں 2 روز میں 128 افراد شہید ہوئے ہیں، اسرائیلی حملوں میں شہادتیں جمعے اور ہفتے کو ہوئیں۔