اسرائیلی وزیر اعظم نے وڈیو پیغام میں دھمکی دی کہ آج رات ایران کی حکومت کے ہر ہدف اور ہر مقام پر ایسا حملہ کریں گے کہ دنیا دیکھے گی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق قوم کے نام ویڈیو پیغام میں وزیراعظم نیتن یاہو نے اعلان کیا کہ بہت جلد آپ دیکھیں گے کہ اسرائیلی طیارے، اسرائیلی فضائیہ اور ہمارے بہادر پائلٹ، تہران کے آسمانوں پر ہوں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ان حملوں کا مقصد ایران کے دوہرے خطرے یعنی ایران کے جوہری پروگرام اور بیلسٹک میزائلوں کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے دعویٰ کیا کہ ہم نے ایران کی ہر اُس یورینیم افزودگی تنصیب پر شدید ضرب لگائی جہاں بم بنائے جا رہے تھے۔
نیتن یاہو نے مزید کہا کہ ہم نے اُن سرفہرست سائنس دانوں کو بھی نشانہ بنایا ہے جو ان منصوبوں کی قیادت کر رہے تھے۔ ایران کے جوہری پروگرام کو کئی سال پیچھے دھکیل دیا۔
قبل ازیں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنے تئیں ایرانی عوام سے ویڈیو لنک پر براہِ راست خطاب کرتے ہوئے انھیں کہا تھا کہ وہ ” آمر حکومت کیخلاف اٹھیں اور اپنی آواز بلند کریں”۔
یاد رہے کہ اسرائیل کے ایک روز قبل کیے گئے حملے میں ایران کی ٹاپ رینک فوجی قیادت سمیت اہم ایٹمی سائنسدان سمیت 80 سے زائد افراد شہید ہوگئے تھے۔
جس کے بعد سے دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔