سڈنی کی بیکر میسی نیمر کو بیکنگ کی دنیا میں جدت پسند اور دنیا کے پہلے کپ کیک گلدستے کی تخلیق کار کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔
پھول ہمیشہ پسندیدہ تحفہ رہے ہیں، لیکن میٹھی چیزیں بھی اتنی ہی پسند کی جاتی ہیں تو کیوں نہ ان دونوں کو ملا کر ایک ایسا تحفہ بنایا جائے جو کھانے کے لیے بھی بہترین ہو؟
میسی نیمر نامی نوجوان آسٹریلوی خاتون کو ہمیشہ سے کھانے اور آرٹ کا شوق تھا، لہٰذا بیکنگ کی کوئی باقاعدہ تربیت نہ ہونے کے باوجود وہ کپ کیک کا کاروبار شروع کرنے سے نہیں ہچکچائیں۔
انہوں نے بے شمار تجربات کیے، یہاں تک کہ انہیں صحیح ساخت اور ڈیزائن نہیں مل گئے، ایک بار جب انہوں نے اپنے کپ کیک کی فروسٹنگ کے لیے کئی دلکش پھولوں والے ڈیزائن میں مہارت حاصل کر لی، تو انہوں نے انہیں خوبصورت کھانے کے قابل گلدستوں کی شکل دینے کا فیصلہ کیا۔
نیمر نے غیر ملکی ویب سائٹ کو بتایاکہ کوویڈ کی وباء نے ہم سب کو گھر پر رہنے پر مجبور کر دیا تھا، جس کی وجہ سے مجھے زیادہ فارغ وقت ملا اور اپنے بیکنگ کے شوق کو آگے بڑھانے کا موقع بھی ملا، میں نے کپ کیک کی سجاوٹ پر ہاتھ آزمانے کے لیے کچھ پائپنگ ٹپس خریدیں اور پھر مجھے اس عمل سے محبت ہو گئی، مجھے اتنے دباؤ والے اور افراتفری کے وقت میں انتہائی سکون بخش مصروفیت مل گئی، اس کے بعد میں نے مشق اور تجربات جاری رکھے جب تک کہ میں نے کپ کیک گلدستے نہیں بنا لیے۔
فوڈ آرٹسٹ کا کہنا ہے کہ میں اسے کامیاب بنانے کے لیے پُرعزم تھی، میں نے مختلف کپ کیک کی ترکیبوں، فروسٹنگ کی تکنیکوں اور سجاوٹ کے انداز پر تحقیق اور تجربات کرنے میں بے شمار وقت صرف کیا۔
نیمر کی کمپنی جس کا نام مناسب طور پر بیکڈ بوکے (Baked Bouquet) رکھا گیا ہے، ایسے شاندار گلدستوں کا مرکز بن چکی ہے جو دیکھنے میں حیرت انگیز اور ذائقے میں اس سے بھی بہتر ہیں۔
ان فوڈ آرٹسٹ و بیکر نے کئی برانڈز اور ایجنسیوں کے ساتھ پروموشنل ایونٹس کے لیے کام کیا ہے، لیکن ان کے کھانے کے قابل گلدستے سالگرہ، شادیوں اور دیگر خاص مواقع کے لیے بھی بہترین ہیں۔
میسی کے متاثر کن کپ کیک گلدستوں کا پورٹ فولیو انسٹاگرام پر بھی موجود ہے۔