کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرکٹ کے عظیم ترین فارمیٹ کا تاج سر پر سجانے کی جنگ اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، جہاں جنوبی افریقا کو مشکل وکٹ پر کینگروز بولنگ چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے ہدف کا تعاقب کرناہوگا،کپتان ٹیمبا باووما کے خواب کی تکمیل اب بیٹرز کے ہاتھ میں ہوگی۔ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں آسٹریلوی بولنگ نے پہلی اننگز میں برتری دلوادی اور دوسرے دن بھی بولر چھائے رہےمزید 14وکٹ گر گئے۔ کھیل ختم ہونے پر آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 8وکٹ پر144رنز بنائے تھے اس کی مجموعی برتری218رنز کی ہوگئی ہے۔ ربادا اور انگیڈی نے تین، تین وکٹ حاصل کئے۔ایلکس کیری نے سب سے زیادہ43رنز بنائے۔ قبل ازیں جمعرات کو میچ کے دوسرے دن جنوبی افریقا کی ٹیم پہلی اننگز میں 138 رنز پر آؤٹ ہوگئی ۔آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں 74 رنز کی برتری مل گئی ہے جنوبی افریقا کے چار بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل ہوسکے دو صفر پر آوٹ ہوئے آسٹریلوی بولنگ کے سامنے جنوبی افریقا کے بیٹرز مزاحمت نہ کرسکے۔جنوبی افریقی اننگز میں ڈیوڈ بیڈنگھم 45رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کپتان ٹیمبا باووما 36رنز کے ساتھ دوسرے ٹاپ اسکورر رہے۔ دونوں کے درمیان 64 رنز کی پارٹنر شپ سے پروٹیز کو کچھ امید ضرور ملی، تاہم 94 کے مجموعی اسکور پر کپتان ٹیمبا باوو،حریف قائد ما پیٹ کمنز کا شکار ہوگئے۔ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے 28 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں یہ لارڈز میں کسی بھی کپتان کی بہترین بولنگ کارکردگی ہے۔ اس دوران انہوں نے ٹیسٹ کیریئر میں 300 وکٹوں کا سنگ میل بھی عبور کرلیا۔ دو کھلاڑیوں کو مچل اسٹارک، ایک کو ہیزل ووڈ نے آؤٹ کیا۔ پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے 212رنز بنائے تھے۔ ربادا نے 51رنز دے کر پانچ اورمارکو جنسن نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ بیو ویبسٹر اور سابق کپتان اسٹیون اسمتھ نے بالترتیب 72 اور 66 رنز بنائے تھے۔