پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائزہ خان نے سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو خبردار کردیا۔
عائزہ خان نے ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کے بعد اپنی انسٹا اسٹوری پر ایک خصوصی پیغام شیئر کیا ہے۔
اُنہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ سوشل میڈیا کے فوائد اور نقصانات کو سمجھیں اور ہمارے معاشرے میں رہتے ہوئے تو یہ بہت ضروری ہے۔
اداکارہ نے لکھا کہ اپنے گھر کا پتہ، گاڑی کا نمبر، ایسی جگہیں جہاں روزانہ کی بنیاد پر آنا جانا ہو اور اپنے بچوں کے بارے میں نجی معلومات سوشل میڈیا پر ہرگز شیئر نہ کریں۔
اُنہوں نے لکھا کہ وقت بدل گیا اور اب نجی معلومات سوشل میڈیا پر بالکل بھی محفوظ نہیں ہیں۔
اداکارہ نے لکھا کہ آپ کے سوشل میڈیا فالوورز کا انتخاب آپ خود نہیں کرتے بلکہ دنیا بھر سے لوگ آپ کو فالو کرتے ہیں اس لیے سوشل میڈیا پر کچھ بھی شیئر کرتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
اُنہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری کے آخر میں لکھا کہ اللّٰہ ہم سب کو اپنی حفاظت میں اور اچھے لوگوں کی صحبت میں رکھے۔