ہالی ووڈ کے اسٹار اداکار جیکی چن نے دھماکے دار انکشاف کرکے ہر ایک کو چونکا دیا ہے۔
71 سالہ اداکار 1995ء سے یعنی 30 سال سے ہالی ووڈ فلم انڈسٹری سے وابستہ ہیں، دنیا بھر میں جیکی چن کے کروڑوں مداح ہیں، اب اُن کی زندگی کے کئی رازوں سے پردہ اٹھ گیا ہے۔
جیکی چن جو اپنی مارشل آرٹس مہارتوں کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہیں، جنہیں 1998ء کی کامیڈی فلم ’رش آوور‘ نے بین الاقوامی اسٹار بنادیا تھا۔
ایک انٹرویو میں جیکی چن نے ایک تصویر دکھائی اور بتایا یہ میری خاندانی تصویر ہے، یہ میرے والد چارلس اور میری والدہ للی ہیں، اس تصویر کے وقت میری عمر کتنی تھی مجھے یاد نہیں ہے۔
اسٹار اداکار نے بتایا کہ میرے والد چارلس ایک جاسوس تھے، والدہ کا بھی ایک خفیہ ماضی تھا، یہ حقیقت مجھ سے بچپن میں چھپا کر رکھی گئی تھی اور میرا اصل نام چن نہیں فنگ ہے۔
جیکی چن نے مزید کہا کہ مجھے اپنے والد کا راز 40 سال کی عمر کے بعد معلوم ہوا، ایک دن میں گاڑی چلا رہا تھا اور والد میرے ساتھ تھے، اس دن راز مجھ پر افشا ہوا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرے والد نے مجھ سے کہا بیٹا میں بوڑھا ہوچکا ہوں، شاید میں سو جاؤں تو دوبارہ نہ جاگ سکوں، مجھے ایک راز تمہیں بتانا ہے تمارا اصل نام چن نہیں فنگ ہے۔
اسٹار اداکار نے کہا کہ اس بات پر میں بہت حیران بھی ہوا، میں اُس وقت والد کی مزید باتیں سننے کی حالت میں نہیں تھا۔
جیکی چن نے ایک ڈاکومنٹری بنوائی، جس کا عنوان جیکی چن اور اس کی گمشدہ فیملی رکھا، جس میں بتایا گیا کہ اُن کے والد 1940ء کی چینی خانہ جنگی کے دوران سرکاری جاسوس کے طور پر کام کرتے تھے جبکہ اُن کی والدہ کا بھی ایک خفیہ ماضی تھا، وہ افیون اسمگلر اور جواری تھیں۔