سعودی عرب کی عدالت عظمیٰ نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کے کئی علاقوں سے ذی الحج کا چاند نظر آنے کی ٹھوس شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں ذی الحج کا پہلا دن بدھ، 28 مئی 2025 کو ہوگا اس طرح وقوفِ عرفہ جمعرات بتاریخ 5 جون اور عید الاضحیٰ 6 جون بروز جمعے کو ہوگی۔
متحدہ عرب امارات، عمان، بحرین اور قطر سمیت متعدد ممالک میں بھی ذی الحج کا چاند نظر آگیا تاہم پاکستان میں چاند نظر نہ آنے کی وجہ سے عید الاضحیٰ 7 جون کو ہوگی۔
عید الاضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی بے مثل تابعداری اور ان کے بیٹے حضرت اسماعیل کی انمول فرماں برداری کی یاد میں منائی جاتی ہے۔
جب اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیم علیہ السلام سے ان کے بیٹے کی قربانی مانگی اور پھر عین وقت ایک دُنبہ عطا فرمایا جسے حضرت ابراہیمؑ نے قربان کیا۔
یہ دن دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے قربانی، دعا اور نیکی کا دن ہوتا ہے۔ مسلمان اس دن مختلف جانوروں کی قربانی کرتے ہیں۔
قربانی کا گوشت غرباء، اقرباء اور اہلِ خانہ میں تقسیم کیا جاتا ہے اور روایتی پکوان پکائے جاتے ہیں۔ دعوتیں ہوتی ہیں۔