کوئٹہ:
نوشکی میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہل کار کو شہید کردیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ نوشکی کے علاقے کلی محمد حسنی میں پیش آیا، جس میں گولی لگنے سے ایک پولیس اہل کار زخمی ہوا اور بعد ازاں جانبر نہ ہو سکا۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے تصدیق کی ہے کہ نوشکی میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار وحید احمد ولد محمد ہاشم شہید ہوا ہے، جس کا تعلق جمال آباد نوشکی سے تھا۔
انہوں نے کہا کہ پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے، اس پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔ یہ حملہ قومی مہم کو سبوتاژ کرنے اور خوف و ہراس پھیلانے کی سازش ہے۔ تخریب کاروں کے خلاف کارروائی میں مزید تیزی لائی جائے گی۔
وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی مذمت
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے نوشکی میں انسداد پولیو مہم ٹیم پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اہل کار عبدالوحید کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہید کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور ان کے لیے صبر کی دعا کی۔
شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے نکلنے والی پولیو ٹیم پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔ پولیو کی مہم کے خلاف شر پسند عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی نوشکی میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کےواقعے کی مذمت کی اور شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس اہلکار عبدالوحید نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا ہے۔ شہید کے سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔