39 C
Lahore
Sunday, June 1, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںلیورپول میں ڈرائیور نے گاڑی ہجوم پر چڑھا دی، متعدد افراد زخمی

لیورپول میں ڈرائیور نے گاڑی ہجوم پر چڑھا دی، متعدد افراد زخمی


لیورپول فٹبال کلب کی وکٹری پریڈ کے دوران گاڑی ہجوم پر چڑھ دوڑی، متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ 53 سالہ سفید فام برطانوی شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

برطانیہ کے شمال مغربی شہر لیورپول میں ہولناک واقعہ پیش آیا، شہر کے وسطی علاقے میں گاڑی ہجوم پر چڑھ دوڑی جس کے باعث متعدد افراد شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس نے واقعہ میں ملوث ہونے کے شبے میں ایک 53 سالہ شخص کو گرفتار کر لیا جس کا تعلق لیورپول سے ہی ہے۔ 

یہ واقعہ سوموار کی سہہ پہر اس وقت پیش آیا جب ہزاروں افراد لیورپول فٹبال کلب کی پریمیئر لیگ میں فتح کا جشن منانے کے لئے منعقد کی گئی پریڈ کے لیے شہر کی سڑکوں پر موجود تھے۔ 

پریڈ کے باعث واقعہ کے وقت علاقے میں پولیس اور ایمرجنسی سروسز کے بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے زخمیوں کو موقع ہر ہی فوری ابتدائی طبی امداد دی، جبکہ پولیس نے ناصرف بروقت کارروائی کر کے مبینہ ملزم کو گرفتا کیا بلکہ بپھرے ہوئے ہجوم ہر بھی قابو پایا، شدید زخمی افراد کو مقامی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

مرسی سائیڈ پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق، لیورپول ایف سی کی فتح کی پریڈ کے دوران ایک کار ہجوم پر چڑھ دوڑی جس کے بعد لیورپول کے علاقے سے تعلق رکھنے والے 53 سالہ سفید فام برطانوی شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ عوام سے درخواست ہے کہ لیورپول شہر کے مرکز میں واٹر اسٹریٹ پر آج شام پیش آنے والے واقعے کے بارے میں قیاس آرائیوں سے گریز کریں، ہم تصدیق کرتے ہیں کہ گرفتار کیا گیا شخص لیورپول کے علاقے سے تعلق رکھنے والا 53 سالہ سفید فام برطانوی شہری ہے، تصادم سے قبل کے حالات جاننے کے لیے جامع تحقیقات جاری ہیں۔

وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر نے واقع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یورپول کے مناظر ہولناک ہیں، میری ہمدردیاں تمام زخمیوں اور متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں، میں پولیس اور ایمرجنسی سروسز کا اس اچانک پیش آنے والے واقعے پر فوری اور مسلسل ردعمل پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے واقعہ سے مسلسل اپ ڈیٹس دی جا رہی ہیں اور میری عوام سے درخواست ہے کہ پولیس کو تحقیقات کے لیے موقع اور وقت دیا جائے۔

نارتھ ویسٹ ایمبولینس سروس (NWAS) کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے کہ لوگوں کو ضروری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ ایک بیان میں نارتھ ویسٹ ایمبولینس سروس کے ترجمان نے کہا:

‏ NWAS لیورپول شہر کے مرکز میں پیش آنے والے ایک واقعے میں مدد فراہم کر رہی ہے، جس کی اطلاع ایک ٹریفک حادثے کے طور پر دی گئی ہے۔ ہم اس وقت صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور ایمرجنسی سروسز کے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ ہماری اولین ترجیح یہ ہے کہ متاثرہ افراد کو جلد از جلد طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

لیورپول فٹبال کلب کی جانب سے اس افسوسناک واقع پر جاری کئے گئے بیان میں متاثرہ افراد کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔

’’ہم واٹر اسٹریٹ پر پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے مرسی سائیڈ پولیس کے ساتھ براہِ راست رابطے میں ہیں، جو آج شام ٹرافی پریڈ کے اختتام کے قریب پیش آیا۔ ہماری دعائیں اور ہمدردیاں اس سنگین واقعے سے متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں۔ہم اس واقعے سے نمٹنے والے ایمرجنسی سروسز اور مقامی حکام کو اپنی مکمل سپورٹ فراہم کرتے رہیں گے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو میں ایک چشم دید گواہ کا کہنا تھا کہ وہ ایک دوست کے فلیٹ میں لیور پول فٹبال کلب کی وکٹری پریڈ دیکھ آئی تھی کہ اچانک ایک بہت زور دار آواز آئی، ہم نے کھڑکی سے باہر دیکھا تو دیکھا کہ ایک گاڑی کئی لوگوں کو روند چکی تھی، ہر صرف شور اور چیخ و پکار تھی اور کچھ سمجھ نہیں آ رہا تھا۔

چشم دید گواہ نے کہا کہ میرے کچھ دوست نیچے گلی میں موجود تھے اور گاڑی ان کے بالکل قریب تھی۔ یہ ایک بہت ہی ہولناک منظر تھا، کوئی بھی اس کی توقع نہیں کر رہا تھا۔

لیورپول کلب کے فین 48 سالہ ہیری راشد بھی اپنی اہلیہ اور دو کم سن بیٹیوں کے ساتھ پریڈ میں موجود تھے، میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا “یہ واقعہ ہم سے تقریباً 10 فٹ کے فاصلے پر پیش آیا، گاڑی ہماری دائیں جانب سے آئی،  وہ ایک ایمبولینس کے بالکل پاس سے نکلی، اور ہمارے قریب کھڑے تمام لوگوں پر چڑھ دوڑی۔

“جب گاڑی ایک لمحے کے لیے رک گئی تو ہجوم نے کھڑکیاں توڑنے کی کوشش کی، لیکن پھر ڈرائیور نے دوبارہ گاڑی چلا دی۔ میری بیٹی چیخنے لگی، اور لوگ زمین پر گرے ہوئے تھے، میں نے متعدد لوگ زمین پر پڑے دیکھے، یہ ایک ہولناک منظر تھا۔

برطانوی وزیرداخلہ یویٹ کوپر کا کہنا تھا کہ وہ پولیس اور ایمرجنسی سروسز کا شکریہ ادا کرتی ہیں جنہوں نے آج شام لیورپول میں پیش آنے والے ہولناک مناظر پر فوری ایکش لیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں میری تمام تر ہمدردیاں متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں، پولیس اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے اور مجھے تازہ ترین پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھا جا رہا ہے۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات