پیپلز پارٹی جاپان کے صدر شاہد مجید ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ جاپان میں مقیم پاکستانی مشکل وقت میں ایک دوسرے کا سہارا بنیں، یہی ہماری اصل طاقت ہے، ہم سب ایک خاندان کی مانند ہیں اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک رہنا ہماری ذمے داری ہے۔
گزشتہ روز جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے ایک بار پھر اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارے کی روشن مثال قائم کی، کشمیر یکجہتی کونسل اور پیپلز پارٹی جاپان کے صدر شاہد مجید کے والد کے ایصالِ ثواب کے لیے منعقدہ ایک دعائیہ تقریب میں جاپان بھر سے پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس تقریب سے یہ واضح ہوا کہ دیارِ غیر میں بسنے والے پاکستانی ایک دوسرے کے لیے رشتے داروں سے بڑھ کر ہیں۔
شاہد مجید نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ والد کے ایصالِ ثواب کے لیے اتنی بڑی تعداد میں پاکستانیوں کی آمد میرے لیے باعثِ عزت و حوصلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پردیس میں کمیونٹی کا اتحاد ہی سب سے بڑی قوت ہے اور جاپان میں پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ محبت، ہمدردی اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔
دعائیہ تقریب کے اختتام پر مرحوم کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔