پنجاب کے ضلع پتوکی میں ریٹائرڈ اسکول ٹیچر کو اغوا کے بعد قتل کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اغوا کے بعد قتل کیے گئے ریٹائرڈ اسکول ٹیچر کی لاش کھیتوں سے برآمد ہوئی، مقتول محمد ذوالفقار نے ملزم اقبال کو سود پر رقم دے رکھی تھی، ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ سود سے تنگ آکر قتل کیا۔
پولیس نے کہا کہ پتوکی کی رہائشی نائلہ ریاض نے اپنے 61 سالہ خاوند محمد ذوالفقار کے اغوا کا مقدمہ درج کروایا، اغوا کا مقدمہ درج ہونے کے چند گھنٹوں کے بعد پولیس کو مغوی محمد ذوالفقار کی ڈیڈ باڈی ملی۔
پتوکی پولیس کے مطابق ملزم نے جسم کے مختلف حصوں پر چھریوں کے وار کر کے قتل کیا اور لاش کھیتوں میں پھینک دی۔
ڈی پی او محمد عیسیٰ خاں نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی پتوکی اور ایس ایچ او سٹی پتوکی کو فوری ملزمان کو ٹریس کرنے کی ہدایت کی، پولیس ٹیم نے چند گھنٹوں میں ملزم اقبال کو ٹریس کر کے گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم اقبال نے سود پر مقتول ذوالفقار سے ڈیڑھ لاکھ کی رقم حاصل کی اور 19 ماہ اقساط ادا کر رہا تھا۔
پولیس نے کہا کہ سود کی رقم ادا کرنے سے تنگ آ کر 61 سالہ ذوالفقار کو چھریوں کے وار کر کے قتل کیا اور اس کا موبائل فون نالے میں پھینک دیا، تھانہ سٹی پتوکی پولیس نے ملزم کو حراست میں لیکر مزید تفتیش شروع کر دی۔