دبئی (اے ایف پی) یمن میں امریکہ کے مبینہ فضائی حملے میں القاعدہ کے 9ارکان ہلاک ہو گئے، جن میں ایک مقامی رہنما بھی شامل ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق یہ حملے جمعہ کی شام جنوبی صوبے ابین میں خبر المراقشہ کے پہاڑی علاقوں میں کیے گئے ، جو القاعدہ کے زیر استعمال تھے۔عینی شاہدین نے جلی ہوئی لاشوں اور گاڑی کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔ حملے کے بعد مرنے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، تاہم خیال ہے کہ ایک اہم رہنما بھی مارا گیا ہے۔ یہ حملے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب امریکہ نے حال ہی میں ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ کیا ہے، جو 2023سے بحری جہازوں پر حملوں میں ملوث رہے ہیں۔