وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کوہ پیما نائلہ کیانی کو دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی سر کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
وزیرِ اعظم نے نائلہ کیانی کو کنچن جنگا چوٹی سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔
ایک بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی کھیلوں کے ہر شعبے میں اپنے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کوہ پیمائی جیسے مشکل کھیل میں پاکستانی خواتین کا ریکارڈ قائم کرنا باعث تقویت ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی صف اول کی خاتون کوہ پیماؤں میں سے ایک نائلہ کیانی نے ایک اور سنگ میل عبور کیا تھا۔
نائلہ کیانی نے گزشتہ صبح 6 بجے دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی کنچن جونگا سر کی تھی، کنچن جونگا کے ساتھ نائلہ کیانی نے 8 ہزار میٹر سے بلند 12 چوٹیاں سر کر لیں۔