معروف امریکی گلوکارہ برٹنی اسپیئرز کو نجی پرواز کے دوران سگریٹ نوشی اور شراب نوشی پر حکام کی جانب سے وارننگ دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 44 سالہ برٹنی اسپیئرز میکسیکو کے شہر کیبو سان لوکاس سے لاس اینجلس واپس آ رہی تھیں، جب انہوں نے دورانِ پرواز پہلے شراب نوشی کی اور بعد ازاں سگریٹ سلگا لی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گلوکارہ کی اس حرکت سے جہاز میں موجود فلائٹ اٹینڈنٹس اور دیگر افراد حیرت زدہ اور پریشان ہو گئے۔ متعدد افراد نے برٹنی کو یاد دلایا کہ طیارے کے اندر سگریٹ نوشی سختی سے ممنوع ہے۔
تنبیہ کے بعد برٹنی نے سگریٹ بجھا دی، تاہم اس واقعے کی اطلاع ایئرپورٹ حکام کو دے دی گئی۔ لاس اینجلس ایئرپورٹ پہنچنے پر برٹنی اسپیئرز کو حکام نے ضابطے کی خلاف ورزی پر باقاعدہ وارننگ جاری کی، جس کے بعد انہیں جانے کی اجازت دے دی گئی۔
واقعے نے سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں بھی توجہ حاصل کی ہے، جہاں صارفین اس رویے پر ملا جلا ردعمل دے رہے ہیں۔