کراچی:
ڈسٹرکٹ ایسٹ کے علاقے محمود آباد اعظم بستی میں میڈیکل اسٹور پر ڈاکوؤں کے 4 رکنی گروہ کی لوٹ مار ، مزاحمت پر دکاندار کو تشدد کا نشانہ بنانے اور اس پر گولیاں چلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ڈاکو جو کہ چہرے پر ماسک لگائے اور پی کیپ پہنے ہوئے تھے اعظم بستی ڈبل روڈ پر قائم میڈیکل اسٹور پر آتے ہیں اور اسلحے کے زور پر دکانداروں کو یرغمال بنا کر دکان پر موجود گاہک سے پرس چھین لیتے ہیں۔
اس دوران ایک ڈاکو نقدی نکالنے کے لیے کاؤنٹر سے دکان کے اندر کود گیا اور کیش کاؤنٹر سے نقدی جمع کر رہا تھا کہ دکاندار نے موقع پاتے ہی اسے عقب سے دبوچ لیا اس دوران ایک اور ڈاکو دکان میں کود کر داخل ہوتا ہے اور اپنے ساتھی کو چھڑانے کے لیے دکاندار کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیتا ہے جبکہ دکان کے باہر موجود ڈاکو اسلحے سے دکاندار کو خوفزدہ کرتے ہوئے دکھائی دیا اور جب اس کے ساتھی کو چھڑالیا گیا تو ڈاکو نے دکاندار پر فائرنگ کی تاہم وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
چاروں ڈاکو دکان کے سامنے کھڑی ہوئی 2 موٹر سائیکلوں پر بیٹھ کر فرار ہوگئے جبکہ فوٹیجز میں ڈاکوؤں کے چہرے بھی واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں جبکہ میڈیکل اسٹور پر واردات جمعے کی دوپہر میں ہوئی تھی۔