اسلام آباد:
صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات میں آئی ایم ایف کے وفد نے پاکستان کے درست معاشی سمت پر گامزن ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے وفد نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے جہاد اظہور کی قیادت میں ملاقات کی، جس میں وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
ملاقات میں پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال اور جاری آئی ایم ایف پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت نے گفتگو کرتے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام پاکستان میں معاشی استحکام لانے میں معاون ثابت ہوا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کے لیے آئی ایم ایف پروگرام ملک میں معاشی ترقی کو فروغ دینے کا باعث بنے گا۔ آئی ایم ایف ترقی پذیر ممالک کی اقتصادی بہتری میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی معاشی ترقی میں بھی آئی ایم ایف کے مثبت کردار کو سراہا۔
آئی ایم ایف کے وفد نے پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات اور پروگرام کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وفد نے کہا کہ پاکستان میں عالمی مالیاتی ادارے کا پروگرام درست سمت میں گامزن ہے اور اس کے نتیجے میں افراطِ زر میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور مالیاتی خسارے میں استحکام آیا ہے۔
صدرِ مملکت نے پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے پر عالمی مالیاتی ادارے کا شکریہ ادا کیا اور معیشت کی بہتری کے لیے وزارتِ خزانہ اور اس کی ٹیم کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔