پاکستانی اداکارہ، ماڈل اور میزبان عفت عمر نے ایک حالیہ انٹرویو میں سپر اسٹار فہد مصطفیٰ کے یوٹیوبرز سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں اہم مشورہ دیا ہے۔
عفت عمر اپنے دوٹوک سیاسی مؤقف اور معاشرتی بیانات کےلیے جانی جاتی ہیں اور اس بار بھی انہوں نے کھل کر اپنی رائے دی۔
فہد مصطفیٰ نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں فیملی ولاگنگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنی فیملی کو بیچنے جیسے عمل کا حصہ کبھی نہیں بن سکتے۔
ان کے اس بیان پر یوٹیوبرز کی جانب سے سخت ردعمل آیا، خصوصاً رجب بٹ نے فہد مصطفیٰ کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے سینئر کا احترام نہیں کر سکتے جو ان کے کام کی قدر نہیں کرتا۔
عفت عمر نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر کسی کو شہرت حاصل کرنے کا حق ہے چاہے وہ جو بھی طریقہ ہو، ہم وقت کے ساتھ چلتے ہیں ماضی میں نہیں جیتے، سب کو آزادی ہونی چاہیے کہ وہ جو کرنا چاہتے ہیں کریں۔
انہوں نے فہد مصطفیٰ کو براہِ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس ملک کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار ہیں، آپ کو کسی سے مقابلہ کرنے کی ضرورت نہیں، شہرت کو مالیت سے نہ ناپیں، آپ اپنی جگہ پر رہیں، کسی پر تنقید نہ کریں، جیئیں اور جینے دیں۔