کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے نظرثانی شدہ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ سیریز 28مئی سے یکم جون تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کا پہلا میچ 28 مئی، دوسرا 30 مئی جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ اتوار، یکم جون کو کھیلا جائے گا۔ بنگلہ دیش ٹیم 25 مئی کو لاہور پہنچے گی، 26 اور 27 مئی کو ٹریننگ سیشنز میں حصہ لے گی۔ تینوں میچز مقامی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوں گے۔ ابتدا میں یہ سیریز پانچ میچوں کی تھی لیکن پی ایس ایل شیڈول میں تبدیلی کی وجہ سے اب اس سیریز کو تین میچوں کا کردیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش ٹیم کے دورہ سری لنکا کی وجہ سے بقیہ دو میچ بعد میں کھیلے جائیں گے۔