( 24 نیوز )بلوچستان کے علاقے خضدار میں سکول بس پر دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے جس میں 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید ہوگئے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں نے سکول بس کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گرد حملے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید ہوگئے، خضدار دہشت گرد حملے میں متعدد بچے زخمی بھی ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:افسوسناک خبر، مسافر ٹرین ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ بزدلانہ حملے میں سکول کے معصوم بچوں کی بس کو نشانہ بنایا گیا، خضدار میں بزدلانہ حملے کی منصوبہ بندی دہشت گرد ریاست بھارت میں کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میدان جنگ میں ناکامی پر بھارت بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں پراکسیز سے دہشت گردی کروا رہا ہے، بلوچستان میں بھارتی پراکسیز نے اس بھیانک منصوبے کو انجام دیا۔
صدر ،وزیراعظم، وزیر داخلہ کی مذمت
صدر آصف علی زرداری نے دہشتگردحملے میں معصوم بچوں اورانکے اساتذہ کی شہادت پر رنج و ملال کا اظہار کیا ہے،انہوں نے ذمہ داران کے فوری تعین اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم شہبازشریف نےخضدار میں سکول بس پربھارتی سرپرستی میں کام کرنےوالے دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہو ئے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنےوالےدھشتگردوں کا اسکول بس میں معصوم بچوں پر حملہ انکی بلوچستان میں تعلیم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے،دھشتگردوں نے اسکول بس پر حملہ کرکے درندگی کی تمام حدیں پار کیں،بھارتی سرپرستی میں پلنے والے ان دھشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے خضدار دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
محسن نقوی نے کہا ہے کہ دشمن نے بربریت کا مظاہرہ کر کے معصوم بچوں پر حملہ کیا، سکول بس پر حملہ دشمن کی ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش ہے، قوم کے اتحاد سے ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔