پولیس نے قتل کے واقعے کا سراغ لگاتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا، جس میں مدعی خود ہی قاتل نکلا۔
ترجمان سی سی ڈی (کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ) کے مطابق کچھ عرصہ قبل ملت ٹاؤن فیصل آباد کے علاقے میں ہونے والی قتل کی واردات کا سراغ لگا لیا گیا، جس میں مقتولہ اقصیٰ بی بی کے دیور نے شوٹرز کے ساتھ مل کر بھابی کو قتل کیا۔
ملزم نے خود قتل کرکے اپنے مخالفین پر قتل کا مقدمہ درج کروادیا تھا۔
سی سی ڈی فیصل آباد نے پیشہ ورانہ مہارت سے اصل ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا۔ ملزمان نے اقصیٰ بی بی (مقتولہ) کی والدہ سے ایک کروڑ 10 لاکھ روپے رقم بھی ہتھیالی تھی۔ گرفتار ملزمان میں علی رضوان، سیف اللہ، پرویز عرف بوٹا مسیح اور عثمان عرف شیبی شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان نے شہر میں ہونے والے ایک اور اندھے قتل اور اقدام قتل کا بھی انکشاف کیا ہے۔ سی سی ڈی نے ملزمان سے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔