(24نیوز)خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے ذاتی خرچ پر ایک ہزار فلسطینی شہدا، قیدیوں اور زخمیوں کے اہل خانہ کو حج کرانے کی ہدایت کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ میزبانی ’خادم حرمین شریفین کے مہمانوں کے لیے حج، عمرہ اور زیارت پروگرام‘ کے تحت ہوگی جسے وزارتِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد کے زیر انتظام نافذ کیا جاتا ہے۔
اس موقع پر وزیر اسلامی امور، دعوت و ارشاد شیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکریہ اور قدردانی کا اظہار کیا ہے۔
خادمِ حرمین شریفین نے اس سال 1446ھ کے حج کے لیے فلسطینی شہداء، قیدیوں اور زخمیوں کے اہلِ خانہ میں سے 1000 عازمینِ حج کو اپنے ذاتی خرچ پر حج کرانے کی ہدایت جاری کردی۔ pic.twitter.com/TzrN6nEDyu
— Dr. Naif Alotaibi (@Dr_Naif777) May 19, 2025
انہوں نے اس عظیم الشان اقدام کو سعودی عرب اور اس کی قیادت کی فلسطینی عوام کے ساتھ مستقل حمایت، اسلامی اخوت کے مضبوط رشتے اور خیرسگالی کے جذبے کا واضح مظہر قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے ہر سال مختلف ممالک کے شہداء اور متاثرہ خاندانوں کے لیے خصوصی حج پروگرام ترتیب دیا جاتا ہے، جبکہ رواں برس فلسطینی عوام کے لیے یہ قدم اس وقت اٹھایا گیا ہے جب غزہ اور مغربی کنارے میں ظلم و ستم کی شدت بڑھتی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا ،معروف آل راؤنڈر ایونٹ چھوڑ کر چلے گئے