(24 نیوز) ابوظہبی کے زاید انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے 5 ملین درہم (تقریباً 38 کروڑ پاکستانی روپے) مالیت کی کوکین سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
اماراتی حکام کے مطابق جنوبی امریکا سے آنے والا ایک مسافر نہایت مہارت سے منشیات کے 89 کیپسول اپنی آنتوں میں چھپا کر لایا تھا لیکن جدید ایکس رے اسکیننگ ٹیکنالوجی نے ملزم کو گرفتار کروا دیا۔
اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ مسافر پر اُس وقت شک ہوا جب اس کی حرکات و سکنات معمول سے ہٹ کر محسوس ہوئیں۔
مزید پڑھیں:اسرائیل کا غزہ کو محدود خوراک دینے کا اعلان
جدید آلات سے اسکیننگ کے دوران آنتوں میں موجود غیر معمولی اشیاء کی نشاندہی ہوئی، جس کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
برآمد ہونے والے کیپسولز کا وزن تقریباً 1198 گرام تھا اور ان کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 5 ملین درہم بتائی گئی ہے۔
ابوظہبی کی فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹس سکیورٹی نے کہا ہے کہ اس حوالے سے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت سے لیس ٹیم نے غیر معمولی کردار ادا کیا ہے۔