پاکستان شوبز انڈسٹری کی ہر فن مولا، سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی حقیقی عمر سے متعلق نئے وی لاگ میں بات کی ہے۔
اداکارہ و گلوکارہ بشریٰ انصاری بھی یوٹیوبر بن گئی ہیں۔ اپنے نت نئے وی لاگز میں انہیں اپنے مداحوں کے ساتھ دلچسپ موضوعات پر دل کی باتیں کرتے تو کبھی دنیا گھومتے دیکھا جا سکتا ہے۔
حال ہی میں بشریٰ انصاری نے اپنی 69ویں سالگرہ منائی، 15 مئی کو ناصرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پھیلے اداکارہ کے مداحوں نے انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی۔
اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے نئے وی لاگ میں سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ میں 69 سال کی ہو گئی ہوں، سب حیران ہیں کہ میں اس عمر میں اتنی صحت مند اور متحرک ہوں۔
اداکارہ نے اپنے وی لاگ میں کہا کہ خواتین اپنی عمر چھپاتی ہیں، ایسا تو ماضی میں کیا جاتا تھا، مجھے بہت خوشی ہے کہ میں 69 سال کی ہو کر بھی اتنی متحرک زندگی گزار رہی ہوں۔
بشریٰ انصاری نے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں کیوں چھپاؤں اپنی عمر، میں نے 9 سال کی عمر میں شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا تھا اور آج ایک سینئر اداکارہ ہوں، میرا ایک نام اور رتبہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں کیوں جھوٹ بولوں عمر سے متعلق، مجھے کیا فائدہ حاصل ہو جائے گا؟ کیا عمر چھپا کر اداکارہ ماہرہ خان اور ہانیہ عامر کے کردار ادا کر سکتی ہوں؟
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ میری طرزِ زندگی اور عمر دیکھ کر سڑ جاتے ہیں، میری عمر کی اور صحت کی دعا کیا کریں بس۔