قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس 26-2025ء کے حوالے سے ابتدائی مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹس میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کا امکان نہیں، 25-2024ء کے سیزن میں اچھا پرفارم کرنے والے کرکٹرز سینٹرل کنٹریکٹس میں جگہ بنا سکتے ہیں جبکہ بعض کھلاڑیوں کی کیٹیگریز میں رد و بدل کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فخر زمان، حسن علی اور فہیم اشرف کی کنٹریکٹس میں واپسی ہوسکتی ہے، ڈومیسٹک کے پرفارمرز کو ایمرجنگ کی صورت میں ڈی کیٹیگری میں شامل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کی مدت 30 جون کو ختم ہو گی، سینٹرل کنٹریکٹس کے فنانشل اسٹرکچر کا یہ تیسرا اور آخری سال ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ 3 سالہ فنانشل اسٹرکچر کی منظوری ذکاء اشرف کے دور میں 2023ء میں دی گئی تھی، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گزشتہ سال بھی فنانشل اسٹرکچر میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی اور اب بھی تبدیلی کا امکان نہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس پی سی بی نے 27 اکتوبر کو سینٹرل کنٹریکٹس یافتہ کھلاڑیوں کا اعلان کیا تھا۔