کینیڈا میں اٹاوہ میں ہائی کمیشن آف پاکستان اور ٹورنٹو اور وینکوور میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان میں یومِ تشکر کی تقریبات منعقد کی گئیں۔
یومِ تشکر کی تقریبات میں پاکستانی کمیونٹی نے پورے جوش و جذبہ سے شرکت کی۔
اٹاوہ میں ہونے والی تقریب میں “آپریشن بنیان مرصوص” اور “معرکۂ حق” کے دوران قوم کے بے مثال اتحاد اور مسلح افواجِ پاکستان کی جرأت و قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
پاکستانی ہائی کمشنر محمد سلیم نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
دوسری جانب کینیڈا ٹورنٹو میں یومِ تشکر کی تقریب سے قونصل جنرل آف پاکستان خلیل باجوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے تاہم بھارت کی مسلسل جارحیت، خود مختاری کی خلاف ورزیوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے جیسے اقدامات کے بعد پاکستان کے پاس اپنے دفاع کے سوا کوئی آپشن نہیں تھا اور بھارت کو منہ کی کھانا پڑی۔
تقریب میں قونصل جنرل خلیل باجوہ اور ٹریڈ قونصلر ڈاکٹر التمش نے کمیونٹی کے ساتھ مل کر سبز ہلالی پرچم لہرایا، وینکوور میں قونصلیٹ جنرل آفس میں پاکستان کی جیت کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔