( 24 نیوز )بھارت کیخلاف جنگ میں پاکستان کی شانداری کامیابی اور اپنا مؤقف شاندار طریقے سے دنیا کے سامنے رکھنے کے مثبت اثرات آنا شروع ہوگئے، ٹیکسٹائل ایکسپورٹ میں غیرمعمولی اضافہ ہوگیا۔
آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی کے بعد ناصرف دشمن کے دانت کھٹے ہوئے بلکہ پاکستانی معیشت پر بھی اس کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں۔ فیصل آباد کے ایکسپورٹرز پر غیر ملکی کسٹمرز نے آرڈرز کی بھر مار کردی۔
چیئرمین پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسیا یشن حاضر خان کا کہنا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص سے پاکستان کا مثبت امیج پوری دنیا میں گیا، پاکستان کے بارے میں تمام پروپیگنڈے دم توڑ گئے۔
ان کا کہنا ہے کہ بیرونی سرمایہ کار بہت خوش اور آرڈرز دے رہے ہیں، امید ہے کہ ایکسپورٹ 18 سے 20 فیصد تک بڑھے گی۔
یہ بھی پڑھیں:بجٹ سے قبل حکومت نے سرکاری ملازمین کو خوشخبری سنا دی
واضح رہے کہ پاکستانی برآمدات میں گزشتہ دس ماہ کے دوران ایک ارب اکسٹھ کروڑ ڈالر سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، موجودہ مالی سال کے اس عرصے میں 26 ارب 90 کروڑ ڈالر کی اشیاء برآمد کی گئیں۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق عالمی تجارتی جنگ کے باوجود ٹیکسٹائل برآمدات میں 8.41 فیصد اضافہ ہوا، جولائی سے اپریل 14 ارب 83 کروڑ ڈالر کی ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کی گئیں، 10 ماہ میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹ ایک ارب 15 کروڑ ڈالر بڑھ گئیں، ریڈی میڈ گارمنٹس، نیٹ ویئر، بیڈ ویئر، ٹاولز، سلک، ملبوسات شامل ہیں۔