41.1 C
Lahore
Saturday, May 17, 2025
ہومخاص رپورٹشاہینوں نے پلک جھپتے دشمن کے ہوش اُڑا دیئے:وزیراعظم

شاہینوں نے پلک جھپتے دشمن کے ہوش اُڑا دیئے:وزیراعظم


(میاں افتخار رامے)اسلام آباد میں یومِ تشکر کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دشمن خود کو خطے کا حاکم سمجھتا تھا، ہماری حکمت عملی نے اسے چکرا کر رکھ دیا، آرمی چیف سمیت پوری عسکری قیادت کو سلام پیش کرتا ہوں۔ بھارت نے ہماری مخلصانہ پیشکش کا مثبت جواب دینے کی بجائے جارحیت کا راستہ اختیار کیا۔ خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یوم تشکر کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن پرجان نچھاورکرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، 50 برس پہلے 1971 میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا تھا، پوری قوم اللہ رب عزت کے سامنے سجدے میں تھی، ملک دشمن نے آخری حد بھی پار کر دی تھی۔ آرمی چیف سمیت پوری عسکری قیادت کو سلام پیش کرتا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ اللہ رب العزت کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ہمیں عظیم کامیابی دی، الحمداللہ! قوم کی دعاؤں، لگن اور ہماری بہادر افواج کے جذبے سے آج سرخرو ہوئے ہیں، اللہ کریم کا خصوص فضل ہوا اور افواج پاکستان نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا، بھارت نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ عالمی تحقیقات کی پیش کش کو ٹھکرایا، بھارت نے ہماری مخلصانہ پیشکش کا محبت سے جواب دینے کی بجائے جارحیت کا راستہ اختیار کیا۔

انھوں نے خطاب میں کہا کہ دشمن نے جارحیت میں ہمارے بچوں سمیت نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا۔ ہمارے بہادر سپوتوں نے دشمن کی خطے کی تھانیداری کا بت پاش پاش کر دیا۔ ہمارے شاہینوں نے رافیل کو فیل کر دیا۔ پاک افواج نے دشمن بھارت کے 6 جہاز گرا دیے، دشمن سمجھتا تھا کہ پاکستان کوئی حیثیت نہیں رکھتا، دشمن اس ڈرانے خواب سے نہیں نکل سکے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ 9 اور 10 مئی کی درمیانی رات کو بھارت نے بیلیسٹک میزائل فائر کیے ساری صورت حال میں عسکری قیادت میرے ساتھ مکمل رابطے میں تھی۔ ہم نے فیصلہ کیا  کہ دشمن کے منہ پر ایسا تھپڑ رسید کریں گے جسے وہ بھول نہیں سکے گا۔

انھوں نے خطاب میں کہا کہ 10 مئی کی صبح پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ پاک فضائیہ نے معرکہ حق کے دوران نئی تاریخ رقم کر دی، پاکستان کے جواب نے چند گھنٹے میں پورا منظر نامہ بدل کر رکٓھ دیا۔ ہمارے جوانوں نے دشمنوں کو سر چھپانے کی جگہ نہیں دی، دشمن کو بھرپور تھپڑ مارا، اس کا سر چکرا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب میں کہا کہ ہماری حکمت عملی سے دشمن کے ہوش اُڑ گئے، ہماری حکمت عملی سے دوستوں کا اعتماد بڑھا، آج دنیا میں پاک افواج کی کارکردگی پر بات ہو رہی ہے، دشمن نے اسلحہ پر کھربوں ڈالر خرچ کیے تھے۔انھوں نے کہا کہ پوری قوم متحد اور پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ہمیں قومی یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ ملک کی ترقی کیلئے ہمیں شبانہ روز محنت کرنا ہوگی۔ پاکستان دہشت گردی سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار جانیں دی، 152 ارب کا ڈالر کا معاشی نقصان برداشت کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ امن کے لیے امریکی صدر نے قائدانہ کردار ادا کیا، کشیدگی میں کمی کے لیے صدر ٹرمہپ کے اہم کردار کا معترف ہوں، کشیدہ صورت حال میں یکجہتی کے اظہار پر دوست ممالک کے بھی شکر گزار ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں کارروائی کی، پرامن ہمسایوں ک طرح ہمیں مذاکرات کی میز پر بیٹھنا ہوگا۔ بات چیت کے ذریعے ہی مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔ خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔معرکہ حق میں تاریخی فتح پر پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں سروسز چیفس بھی شریک تھے۔

تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سمیت دیگر وزرا کے علاوہ کابینہ کے ارکان، غیر ملکی سفارت کار بھی شریک تھے۔ یومِ تشکر کی تقریب میں شہدائے وطن کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔اسلام آباد میں یوم تشکر کی مرکزی تقریب میں شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا پاک فضائیہ کے شاہینوں نے شاندار فلائی پاسٹ پیش کر کے قوم کے عزم اور ولولے کو سلام پیش کیا۔ بچوں نے ملی نغمے پیش کیے اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ ساحر علی بگا اور دیگر نے بھی شرکا کا لہو گرمایا۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات